نئی دہلی، 6 دسمبر (آئی این ایس انڈیا) سپریم کورٹ نے پیر کو مہاراشٹرا بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے 12 ایم ایل اے کی قانون ساز اسمبلی سے ایک سال کے لیے معطلی کے خلاف عرضی پر سماعت کرنے پر اتفاق کیا۔ ان ایم ایل اے کو پریزائیڈنگ آفیسر کے ساتھ مبینہ طور پر بدتمیزی کرنے پر ریاستی اسمبلی سے معطل کر دیا گیا تھا۔ایڈوکیٹ سدھارتھ دھرمادھیکاری نے چیف جسٹس این وی رمنا، جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس ہیما کوہلی کی بنچ نے کہا کہ ریاستی اسمبلی کا سرمائی اجلاس شروع ہونے والا ہے اور ایم ایل ایز کی معطلی کے خلاف ان کی درخواست پر فوری سماعت کی ضرورت ہے۔ٹھیک ہے، ہم سماعت کیلئے ایک تاریخ دیں گے۔مہاراشٹر کے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے کی قیادت والی مہاراشٹر وکاس اگھاڑی حکومت 22 سے 28 دسمبر تک ممبئی میں ریاستی اسمبلی کا سرمائی اجلاس منعقد کرنے والی ہے۔ اس سال 22 جولائی کو بی جے پی ممبران اسمبلی نے انہیں ایک سال کیلئے معطل کرنے کی اسمبلی کی قرارداد کو چیلنج کیا تھا۔ریاستی حکومت نے الزام لگایا تھا کہ 12 ایم ایل اے نے 5 جولائی کو اسپیکر کے چیمبر میں پریزائیڈنگ آفیسر بھاسکر جادھو کے ساتھ مبینہ طور پر بدتمیزی کی تھی۔ اس کے بعد ایوان نے ان 12 ایم ایل ایز کو معطل کرنے کی قرارداد پاس کیا۔